برآمدات کے محاذ پر بڑی پیشرفت، پاکستانی ٹائر ساز کمپنی کو خلیجی ممالک تک رسائی مل گئی
کراچی: پاکستان کی برآمدی صنعت کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک پاکستانی ٹائر ساز کمپنی کو خلیجی ممالک کی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ کمپنی کو گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن (GSO) کی جانب سے باضابطہ منظوری ملنے کے بعد اب وہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر سمیت خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے دیگر رکن ممالک کو ٹائر برآمد کر سکے گی۔
کمپنی نے اس اہم کامیابی سے متعلق تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو ارسال کردہ اپنے اعلامیے میں جاری کیں۔ اعلامیے کے مطابق جی ایس او کی منظوری حاصل کرنے کے بعد کمپنی کی مصنوعات خلیجی معیار پر پوری اترتی ہیں، جس کے باعث خطے کی بڑی مارکیٹوں میں برآمدات کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق خلیجی ممالک تک رسائی پاکستانی ٹائر انڈسٹری کے لیے نہ صرف نئی کاروباری مواقع پیدا کرے گی بلکہ ملکی برآمدات میں اضافے، زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے اور صنعتی پیداوار میں بہتری کا بھی سبب بنے گی۔ خلیجی خطہ دنیا کی اہم تجارتی منڈیوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں معیاری آٹوموٹیو مصنوعات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی معیار کی منظوری حاصل کرنا کسی بھی پاکستانی کمپنی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، کیونکہ اس سے عالمی منڈی میں کمپنی کی ساکھ مضبوط ہوتی ہے اور دیگر ممالک میں بھی برآمدات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر مزید پاکستانی صنعتیں بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی مصنوعات تیار کریں تو نہ صرف ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے بلکہ پاکستان کی صنعتی ترقی اور معاشی استحکام میں بھی مثبت کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ یہ پیشرفت ملکی ٹائر انڈسٹری اور مجموعی برآمدی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔








