آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا 8 اگست سے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان
اسلام آباد: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے اپنے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کی تمام ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے اور مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو باقاعدہ چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے بجائے ماہانہ بنیاد پر کیا جائے اور حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ شعبے پر بڑھنے والے مالی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس میں کیا گیا اضافہ واپس لے کر اسے 30 جون 2024 کی سطح پر بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے اسے دوبارہ 2 فیصد کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔
صدر اتحاد نے مزید کہا کہ ایکسل لوڈ اور اوور لوڈنگ سے متعلق قوانین پر یکساں اور منصفانہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ دس وہیلر گاڑیوں کے مقررہ وزن پر نظرثانی کرکے معقول حد مقرر کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کسٹمز حکام کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے، گزشتہ دسمبر میں وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومتوں کی جانب سے تسلیم کیے گئے مطالبات پر فوری عملدرآمد اور ڈرائیورز کے لیے ٹیسٹ کے بعد ایچ ٹی وی لائسنس جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
ٹرانسپورٹرز نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال شروع کر دی جائے گی، جس سے ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل، صنعتی پیداوار اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔








