وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ہمراہ ہوں گے
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق وزیراعظم 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب میں قیام کریں گے۔ اس دوران ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی فرمانروا سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت ہوگی۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں سعودی اور ایرانی حکام سے رابطے کیے، جبکہ اردن کے دورے کے دوران فلسطین اور بیت المقدس کی صورت حال پر ہونے والے اہم اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔
بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو آزاد کشمیر کے جمہوری عمل پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی یا قانونی حق حاصل نہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔





