کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 8 زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 8 زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کے دوران 8 زخمیوں سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، میمن گوٹھ، درخشاں، گلشن معمار اور شاہ لطیف کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے فقیرا گوٹھ میں کارروائی کے دوران عزت اللہ نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں فرمان عرف فیمو خادم حسین کو حراست میں لیا گیا۔

میمن گوٹھ میں پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں نذر محمد، مہتاب، کامران اور بلال شامل ہیں، جبکہ درخشاں میں محمد اقبال کو گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح شاہ لطیف میں علی گل اور غلام محمد کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا، جبکہ گلشن معمار میں سلیم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق تمام زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

More News