پشاور میں نئی احساس پناہ گاہ کا افتتاح، مستحق افراد کے لیے مفت رہائش اور خوراک کی سہولت
خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے قریب قائم پناہ گاہ میں مریضوں کے تیمارداروں، دیہاڑی دار مزدوروں اور مسافروں کو عارضی رہائش فراہم کی جائے گی
پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سوشل ویلفیئر، زکوٰۃ، عشر و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے قریب سپین جماعت کے مقام پر نو تعمیر شدہ احساس پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر سوشل ویلفیئر ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ نئی احساس پناہ گاہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی خصوصی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی روڈ پر رات کے اوقات میں کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور مزدوروں کی صورتحال کا نوٹس لیا تھا اور متعلقہ حکام کو ان افراد کے لیے قریبی مقام پر فوری طور پر پناہ گاہ قائم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ نئی احساس پناہ گاہ اسی ہدایت پر عملدرآمد کی عملی شکل ہے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ، حکومت خیبر پختونخوا اور ڈسٹرکٹ پشاور کی جانب سے قائم کی گئی اس پناہ گاہ میں مستحق افراد کو محفوظ، صاف ستھرا اور باوقار ماحول میں عارضی قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
احساس پناہ گاہ بالخصوص خیبر ٹیچنگ ہسپتال آنے والے مریضوں کے تیمارداروں، دیہاڑی دار مزدوروں اور پشاور سے گزرنے والے مسافروں کے لیے اہم سہولت ثابت ہوگی۔ یہاں مستحق افراد کو مفت رہائش کے ساتھ خوراک بھی فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں رات گزارنے کے لیے درپیش مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔
پناہ گاہ کے کمروں میں دو منزلہ بستروں، یعنی بنک بیڈز، سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے رہائشیوں کے لیے ہفتہ وار خوراک کا مینو بھی آویزاں کیا ہے۔ روزانہ ناشتے میں روغنی نان یا پراٹھا اور کالی چائے فراہم کی جائے گی، جبکہ رات کے کھانے کے لیے مختلف دنوں کے مطابق الگ مینو ترتیب دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق احساس پناہ گاہ ہفتے کے ساتوں دن شام 6 بجے سے صبح 9 بجے تک کھلی رہے گی۔ اس دوران مستحق افراد کو رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ یہ پناہ گاہ صوبے میں قائم احساس پناہ گاہوں کے توسیع پذیر نیٹ ورک کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایسے افراد کو عارضی سہارا فراہم کرنا ہے جو مختلف وجوہات کے باعث رات گزارنے کے لیے مناسب جگہ سے محروم ہوتے ہیں۔
افتتاح کے بعد مشیر سوشل ویلفیئر نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور بیڈ رومز، کچن سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔








