شہدا اور غازیوں کے لیے سول اعزازات کی منظوری، 78 نام شامل
اسلام آباد: وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 78 افراد کو سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جان قربان کرنے والوں اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی قومی ذمہ داری ہے۔ شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔








