پنجاب میں صفائی کا نیا پلان، مرکزی سڑکوں کی صبح 5 بجے دھلائی ہوگی
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں صفائی کے نظام، ورکرز کی کارکردگی، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور ویسٹ مینجمنٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے وابستہ ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور متعلقہ کمپنیوں سے ماہانہ رپورٹ بھی طلب کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کام نہ کرنے والے افراد کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔ ورکرز کی کارکردگی جانچنے کے لیے مؤثر ایس او پیز مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے مرکزی سڑکوں کی صفائی اور دھلائی کا کام صبح 5 بجے شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈور ٹو ڈور کچرا اٹھانے کے نظام کو بھی مؤثر بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے سبزی و فروٹ منڈیوں، اسکولوں، کالجوں، جامعات، اسپتالوں، بازاروں اور تجارتی علاقوں میں خصوصی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تجارتی علاقوں سے کچرا اٹھانے کے لیے مخصوص اوقات مقرر کرنے اور یکساں کوڑے دان و کچرے کے تھیلوں کے استعمال پر بھی زور دیا گیا۔
مریم نواز نے خالی پلاٹوں میں کچرا پھینکنے کی روک تھام اور پہلے سے موجود کچرے کی فوری صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب کا مقصد صرف کچرا اٹھانا نہیں بلکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔





