قومی اقلیتی دن، صدر مملکت اور وزیراعظم کا اقلیتی برادریوں کی خدمات کو خراج تحسین

قومی اقلیتی دن، صدر مملکت اور وزیراعظم کا اقلیتی برادریوں کی خدمات کو خراج تحسین

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اقلیتی دن کے موقع پر تمام پاکستانیوں، بالخصوص اقلیتی برادریوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا وژن آج بھی ریاست کی روح اور بنیادی تشخص کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو مذہب، ذات اور عقیدے کی بنیاد پر کسی امتیاز کے بغیر مساوی حقوق حاصل ہیں۔

صدر مملکت کے مطابق مذہبی، ثقافتی اور روایتی اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی پرچم تلے متحد ہونا پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کی قومی خدمات، حب الوطنی اور ملکی ترقی میں ان کا کردار قابل فخر ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آئینی اصولوں کی پاسداری ایک مضبوط، منصفانہ اور پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر شہری کے عقیدے، شناخت اور انسانی وقار کا احترام یقینی بنایا جائے۔

صدر مملکت نے مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں رواداری، باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے ایسا پاکستان چھوڑا جائے جو امن، ترقی، استحکام اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہو۔

اقلیتی برادریاں قومی تشخص کا لازمی حصہ ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہر سال 11 اگست کو قومی اقلیتی دن کے طور پر مناتا ہے تاکہ اقلیتی برادریوں کی قومی دھارے میں شمولیت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو اجاگر کیا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتی برادریاں پاکستان کے قومی تشخص کا لازمی حصہ ہیں اور ملک کے متنوع سماجی و ثقافتی منظرنامے کی حقیقی خوبصورتی کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کی واضح ضمانت دی تھی۔ قائداعظم کا یہ وژن آج بھی پاکستان کے سماجی نظم، طرز حکمرانی اور قومی اقدار کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

شہباز شریف کے مطابق مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اقتصادی، تعلیمی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اقدامات

وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق ایکٹ 2025 کے نفاذ کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔

شہباز شریف کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی 2025 بھی متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق 2026 میں اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، متعلقہ ادارے اور سول سوسائٹی مل کر ہر شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ایک پرامن، برداشت کرنے والے اور متحد معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

More News