سوراب میں خودکش گاڑی تیار کرتے ہوئے دھماکا، 9 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان: سوراب کے علاقے میں گزشتہ رات دہشتگرد خودکش حملے کے لیے گاڑی تیار کررہے تھے کہ بارودی مواد نصب کرتے ہوئے اچانک دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد گاڑی میں بارودی مواد نصب کرکے اسے خودکش حملے کے لیے تیار کررہے تھے کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا۔ دھماکے سے قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ بعض شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں تاہم شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد سامنے نہیں آسکی۔
واقعے کے بعد لیویز اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی شروع کردی، جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں اور مبینہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلات کے علاقے روڈینجو کراس میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ خضدار کے علاقے کنارو میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
سوراب میں بھی مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی گئی، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 10 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تلاش اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔





