باجوڑ میں نوجوانوں کا عالمی دن، صلاحیتیں نکھارنے پر زور
باجوڑ: یوتھ آفس باجوڑ کے زیر اہتمام نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
سیمینار میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اسداللہ خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے ملکی ترقی میں نوجوان نسل کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر فواد اللہ نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین نے نوجوانوں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تفصیلی گفتگو کی، جبکہ کھیلوں، تعلیم اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سیمینار کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کرنے اور انہیں ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔








