آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم
ہری پور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آیت نور کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے غمزدہ اہلخانہ سے ملاقات کرکے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے آیت نور کے والد سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مقامی رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر اطلاعات شفیع جان بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔ آیت نور کے والد نے وزیراعلیٰ اور عوام کی جانب سے ملنے والی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معصوم بچی کے قتل میں ملوث اصل ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آیت نور کے خاندان کا غم پورے خیبرپختونخوا کا غم ہے۔ آیت نور صرف ایک خاندان کی بچی نہیں بلکہ پورے صوبے کی بچی ہے، جس کے ساتھ انتہائی انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزم کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا تاکہ آئندہ کسی کو ایسے سنگین جرم کی جرات نہ ہو اور مجرم جرم کرنے سے پہلے ہزار بار سوچیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ کی موجودگی میں بچے محفوظ نہیں تو ایسے دفاتر کو تالے لگا دینے چاہئیں۔
سہیل آفریدی نے یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے عدالتوں سے بھی اپیل کی کہ کیس میں ملوث ملزمان کو کسی قسم کا ریلیف نہ دیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق چائلڈ پروٹیکشن بل کو آیت نور کے نام سے منسوب کیا جائے گا، جبکہ سوات چوک کو بھی آیت نور کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر آیت نور کے والد وزیراعلیٰ سے گلے مل کر آبدیدہ ہوگئے، جبکہ وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر خاندان کو انصاف کی فراہمی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔








