شہید موٹروے پولیس افسر یاسر عرفات کیلئے قائداعظم پولیس میڈل
اسلام آباد: حکومت پاکستان نے دورانِ ڈیوٹی غیر معمولی بہادری اور عظیم قربانی کا مظاہرہ کرنے والے موٹروے پولیس کے شہید انسپکٹر یاسر عرفات (S-853) کو بعد از شہادت قائداعظم پولیس میڈل (QPM) سے نواز دیا۔
انسپکٹر یاسر عرفات نے 31 مارچ 2026 کو موٹروے نارتھ زون کے سیکٹر E-35 میں سڑک سے رکاوٹ ہٹانے اور خراب گاڑی کے مسافروں کی مدد کے دوران اپنی جان قربان کی۔
موٹروے پر جاری ٹریفک اور موجود خطرے کے باوجود انسپکٹر یاسر عرفات نے اپنی ذمہ داری جاری رکھی اور سڑک استعمال کرنے والے شہریوں کی حفاظت کو اپنی جان پر ترجیح دی۔
حکومت پاکستان نے ان کی غیر معمولی جرات، فرض سے وابستگی اور دورانِ ڈیوٹی عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں بعد از شہادت قائداعظم پولیس میڈل عطا کیا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق انسپکٹر یاسر عرفات کی بہادری اور قربانی محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کے لیے باعثِ فخر اور مشعلِ راہ ہے۔







