فیسکو نجکاری کے لیے 10 ادارے اہل، کے الیکٹرک بولی سے باہر
اسلام آباد: نجکاری کمیشن نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی فیسکو کی نجکاری کے لیے 10 کمپنیوں اور کنسورشیمز کو بولی کے اگلے مرحلے میں شرکت کے لیے اہل قرار دے دیا، جبکہ کے الیکٹرک نے اظہار دلچسپی واپس لے لیا اور ایک چینی کمپنی مطلوبہ دستاویزات چینی زبان میں جمع کرانے کے باعث نااہل قرار پائی۔
نجکاری کمیشن کے بورڈ نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیر صدارت اجلاس میں فیسکو کی نجکاری کے لیے دلچسپی رکھنے والے اداروں کی پری کوالیفکیشن کی منظوری دی۔ اہل امیدواروں میں تین ترک کمپنیاں اور پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس شامل ہیں۔
میاں محمد منشا کی سربراہی میں نشاط گروپ کے کنسورشیم کو بھی اہل قرار دیا گیا، جبکہ میپل لیف سیمنٹ، کوہ نور ٹیکسٹائل، اینگرو انرجی، سیفائر فائبرز، حب پاور ہولڈنگز، لکی سیمنٹ، شیرازی انویسٹمنٹس اور آرٹسٹک ملنرز بھی اہل امیدواروں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب کے الیکٹرک نے فیسکو کی نجکاری کے لیے اپنا اظہار دلچسپی واپس لے لیا۔ نجکاری کمیشن کے مطابق کے الیکٹرک گزشتہ تین سال کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع نہیں کرا سکی، جس کے باعث وہ پری کوالیفائیڈ امیدواروں کی فہرست میں شامل نہ ہو سکی۔
چین کی جیانگ شی الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کو بھی مطلوبہ دستاویزات انگریزی کے بجائے چینی زبان میں جمع کرانے پر نان کمپلائنٹ قرار دیا گیا۔ کمپنی کو دستاویزات دوبارہ جمع کرانے کے لیے دو ہفتے کی مہلت دی گئی، تاہم مقررہ مدت میں مطلوبہ شرائط پوری نہ کی جا سکیں۔
حکومت فیسکو سمیت تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا منصوبہ رکھتی ہے اور فیسکو کے 51 سے 100 فیصد حصص فروخت کیے جانے کا امکان ہے۔







