نوجوانوں کو جدید علوم سے نہ جوڑا تو ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے، وزیراعظم

نوجوانوں کو جدید علوم سے نہ جوڑا تو ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے نہ جوڑا گیا تو پاکستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا، ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے اور انہیں معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولز کا دائرہ کار دیگر صوبوں تک وسیع کیا جارہا ہے، صوبائی حکومتوں کو بھی دانش اسکولز کی طرز پر معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے چاہئیں تاکہ پسماندہ اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آسکیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم نہ کیے جائیں۔ اگر نوجوانوں کو جدید علوم کے سفر میں شامل نہ کیا گیا تو ملک عالمی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔

وزیراعظم نے اپنے دور حکومت میں پنجاب میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بعض لوگوں نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کو رشوت سے تعبیر کیا، تاہم آج یہی لیپ ٹاپ نوجوانوں کو جدید دور سے ہم آہنگ ہونے اور جدید علوم تک رسائی میں مدد دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے لیپ ٹاپ کو صرف ایک مشین قرار دیا، لیکن ان کے نزدیک یہ ایک مشن ہے۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، تعلیم اور ڈیجیٹل علوم تک رسائی فراہم کرنے کا یہ مشن مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اور علوم کی طرف بڑھ رہی ہے، ایسے میں پاکستان کے نوجوانوں کو بھی جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی کے میدان میں سرمایہ کاری ہی ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جاسکتی ہے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید تعلیم و ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع دینا پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

More News