خیبرپختونخوا میں خالی زمینوں پر جنگلات قائم کرنے کی منظوری
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کی جانب سے خالی کی گئی زمینوں پر جنگلات قائم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
منصوبے کے تحت درگئی اور گڑھی چندن میں زمین کے حصول اور شجرکاری کے لیے رواں مالی سال کے دوران 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ان زمینوں کے حصول کی مجموعی لاگت 1.4 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد صوبے میں شجرکاری کو فروغ دینا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا، جدید تکنیک کے ذریعے جنگلات کی دیکھ بھال اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا ہے۔
10 بلین ٹری اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت منصوبے کی مجموعی لاگت 12.616 ارب روپے ہے، جس کے لیے رواں مالی سال 1.008 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت سولر ٹیوب ویلز کے ذریعے بنجر اور خشک علاقوں میں بھی شجرکاری کی جائے گی، جبکہ پشاور میں شہری ماحول کی بحالی اور شجرکاری کے لیے 19 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
جنوبی اضلاع میں فارسٹ نالج پارکس کے قیام کے لیے بھی خصوصی گرانٹ رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام اور فیزیبلٹی کے لیے 2 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔





