پرتگال کرکٹ ٹیم کی کپتانی سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر کے سپرد

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر موئسس ہنریکس کو پرتگال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔

39 سالہ ہنریکس 14 سے 20 اگست تک فن لینڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر سی میں پرتگال کی قیادت کریں گے۔

پرتگال گروپ بی میں اسرائیل، جرمنی، یونان اور چیکیا کے ساتھ شامل ہے، جبکہ گروپ کی فاتح ٹیم 21 اگست کو فائنل کھیلے گی۔

ہنریکس نے آسٹریلیا کی جانب سے 4 ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے 2021 میں آسٹریلیا کے لیے آخری میچ کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ ہنریکس پرتگالی جزیرے مڈیرا میں پیدا ہوئے، جہاں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی پیدا ہوئے۔ وہ بچپن میں خاندان کے ہمراہ آسٹریلیا منتقل ہوگئے تھے۔

پرتگال کوالیفائر میں اپنی مہم کا آغاز 14 اگست کو اسرائیل کے خلاف کرے گا۔ گروپ کی فاتح ٹیم فائنل جیتنے کی صورت میں یورپی ریجنل فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی، جہاں ٹاپ دو ٹیمیں 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے عالمی کوالیفائر میں جگہ بنائیں گی۔

More News