بارشوں کا نیا اسپیل، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع متاثر ہونے کا امکان

بارشوں کا نیا اسپیل، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع متاثر ہونے کا امکان

لاہور: صوبہ پنجاب میں مون سون بارشوں کے پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت 12 سے 15 اگست کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے مری، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے، جبکہ قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور لاہور میں بھی آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

13 اگست کی رات سے راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ اور بھکر میں بھی 12 اگست کی رات سے بارش متوقع ہے۔

اسی طرح نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

حکام نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 12 سے 15 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

متعلقہ اداروں نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

More News