لاہور میں پولیس اہلکاروں سے رابطوں پر 2 اہلکار گرفتار
لاہور: پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مبینہ دہشتگردوں سے رابطوں کے الزام میں دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس آئی جمشید اور تھانہ لوئر مال میں تعینات کانسٹیبل غلام فرید کو ابتدائی تحقیقات کے بعد حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ دونوں سے تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اے ایس آئی جمشید اور مبینہ دہشتگرد ریحان بٹ کی سوشل میڈیا پر ایک ساتھ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے حملے میں ملوث مبینہ دہشتگرد سے رابطے تھے، جن کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مبینہ باپ بیٹا ریحان بٹ اور فیاض بٹ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے بادامی باغ اور نواں کوٹ کے علاقوں میں فائرنگ کرکے 3 پولیس اہلکاروں کو شہید جبکہ دیگر کو زخمی کیا تھا۔








