ناروے کے وزیر خارجہ کی محسن نقوی سے ملاقات، افغانستان اور غیرقانونی امیگریشن پر گفتگو
اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی صورتحال، وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور غیرقانونی امیگریشن سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے امریکا ایران کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا، جبکہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبوں میں خدمات کی بھی تعریف کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے مؤثر اقدامات کے باعث یورپ میں غیرقانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔ پاکستان نے غیرقانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، جسے یورپی یونین نے بھی سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے قانونی امیگریشن کو فروغ دینا ضروری ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، پاکستان دنیا اور دہشتگردی کے درمیان دیوار بن کر کھڑا ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔








