ملک بھر میں 79 واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، 21 توپوں کی سلامی اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی

ملک بھر میں 79 واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، 21 توپوں کی سلامی اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی

ملک بھر میں آج 14 اگست 2026 کو پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت مختلف شہروں میں 21 توپوں کی سلامی اور نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، امن، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

کراچی میں مزار قائد پر یوم آزادی کے موقع پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے، جنہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

یوم آزادی کے موقع پر ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ مختلف سرکاری و نجی عمارتوں کو قومی پرچم اور سبز و سفید روشنیوں سے سجایا گیا۔

جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز رات 12 بجتے ہی ہوگیا تھا، جب ملک بھر میں شہریوں نے گھروں، گلیوں اور شاہراہوں کو سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں آتش بازی کی گئی اور شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔

مختلف شہروں میں یوم آزادی کے حوالے سے ریلیاں، سیمینارز، ملی نغموں اور دیگر تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا۔ بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں نے سبز و سفید لباس پہن کر جشن میں شرکت کی، جبکہ قومی پرچموں اور بیجز سے بازاروں اور شاہراہوں کی رونق میں اضافہ ہوگیا۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔ یوم آزادی ہمیں پاکستان کے قیام کے مقصد، قربانیوں اور قومی یکجہتی کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔

More News