ڈپٹی کمشنر بنوں ضیاء الرحمٰن کا جانی خیل میں تعلیمی مسائل کے حل کے لیے اہم جرگہ
بنوں: ڈپٹی کمشنر بنوں ضیاء الرحمٰن کی زیرِ صدارت جانی خیل قوم کے مشران و عمائدین کے ساتھ اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کے تعلیمی مسائل، اسکولوں کی صورتحال اور تعلیم کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ جرگے میں ممبر ایریا ریپریزنٹیٹو ڈویلپمنٹ کونسل (ARDC) بنوں ملک شیرین مالک وزیر نے بھی شرکت کی۔
جرگے کے دوران جانی خیل کے مختلف علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی بہتری، اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کے معاملات زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر ضیاء الرحمٰن نے کہا کہ تعلیم کا فروغ اور بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے قبائلی مشران پر زور دیا کہ وہ بچوں کے اسکولوں میں داخلوں، تعلیمی اداروں کے تحفظ اور تعلیم کے فروغ کے لیے انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے تعاون کریں۔
اس موقع پر ملک شیرین مالک وزیر نے علاقے کے تعلیمی مسائل اور بہتری کے لیے سفارشات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کرکے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔








