دیر کالونی سکول سانحہ: پشاور میں مزید 4 خستہ حال تعلیمی ادارے سیل
پشاور: دیر کالونی سکول سانحے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں خستہ حال عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید چار سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور ایک مدرسے کو سیل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایات پر انتظامی افسران نے شہر کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران مخدوش اور منہدم ہونے کے خطرے سے دوچار عمارتوں کی نشاندہی کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت اداروں کو سیل کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق سیل کیے گئے اداروں میں گنج منڈی کا مون لائٹ سکول اور مدرسہ، یکہ توت میں رمشا سکول جبکہ لاہوری گیٹ میں گورنمنٹ پرائمری سکول شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی طلباء، اساتذہ اور دیگر عملے کی جانوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کی گئی ہے۔ شہر بھر میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ جاری رہے گا اور غیر محفوظ قرار دی جانے والی عمارتوں میں تدریسی سرگرمیاں بند کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ دیر کالونی میں الخیر سٹیم سکول کی عمارت منہدم ہونے سے ایک استانی سمیت 30 سے زائد بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔








