پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب، پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت
لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے بڑی تعداد میں افراد، میڈیا نمائندگان، ہائی کمیشن کے افسران اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے کی دھن پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان تمام مرد و خواتین کی قربانیوں، اتحاد اور ثابت قدمی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
ہائی کمشنر نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اپنی محنت، قابلیت اور مثبت کردار کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کے فروغ میں پاکستانی تارکینِ وطن ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ٹیپو عثمان نے بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کے تعین کا حق حاصل ہے اور پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب میں قومی نغموں نے جشنِ آزادی کے ماحول کو مزید جوش و جذبے سے بھر دیا۔ برطانوی پاکستانی سوپرانو گلوکارہ سائرہ پیٹر کی شاندار گائیکی اور بچوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کو مزید رنگا رنگ بنا دیا۔
تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے معزز مہمانوں کے ہمراہ یومِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔ شرکا نے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








