فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات، سروں پر دستِ شفقت رکھا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات، سروں پر دستِ شفقت رکھا

اسلام آباد: یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء اور غازیوں کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے دوران کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ کی ثابت قدمی، حوصلے اور ملک کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکہ حق کے شہداء کے لواحقین کے سروں پر دستِ شفقت رکھا اور ان سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی شہداء اور غازیوں کے خاندانوں سے ملاقات کرکے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

عسکری و سیاسی قیادت کی جانب سے شہداء کے اہلخانہ سے یہ خصوصی ملاقات اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ شہداء کی قربانیاں قومی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بنیاد سمجھی جاتی ہیں۔

تقریب کے دوران شہداء اور غازیوں کے اہلخانہ نے بھی قومی قیادت اور عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وطن سے محبت، قومی اتحاد اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔

More News