پاکستان کی سفارتی پوزیشن مضبوط، امریکا، چین، خلیجی ریاستوں اورایران سے بیک وقت روابط میں اضافہ

اسلام آباد: عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور مختلف ممالک کے ساتھ روابط میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث ملک کی سفارتی پوزیشن بتدریج مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ معروف برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور مختلف عالمی طاقتوں کے ساتھ بیک وقت تعلقات آگے بڑھانے کی حکمت عملی کو اجاگر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک جانب امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دے رہا ہے تو دوسری جانب چین کے ساتھ اپنے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو بھی مزید مستحکم کررہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ بھی پاکستان کے سفارتی اور اقتصادی روابط میں اضافہ ہورہا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق اسلام آباد کی خارجہ پالیسی میں کسی ایک عالمی طاقت یا کیمپ کے ساتھ مکمل وابستگی کے بجائے مختلف ممالک کے ساتھ متوازن اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اس پالیسی کے نتیجے میں پاکستان عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک ایسے ملک کے طور پر سامنے آرہا ہے جو مختلف فریقوں کے ساتھ بیک وقت رابطے برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات اور کرپٹو سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہورہے ہیں، جبکہ پاکستان عالمی سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے اپنی صلاحیت اور گنجائش بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔

پاکستان کی جغرافیائی اہمیت بھی اس سفارتی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق اسلام آباد وسط ایشیائی ممالک کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی تجارتی راستوں سے منسلک کرنے کے لیے کوششیں کررہا ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان خطے کے مختلف ممالک کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور مواصلاتی روابط کو مزید وسعت دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

رپورٹ میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کی اہم مثال قرار دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت سے یہ تاثر مضبوط ہوتا ہے کہ پاکستان مختلف عالمی اور علاقائی طاقتوں کے درمیان رابطے اور مذاکرات کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فنانشل ٹائمز نے نشاندہی کی کہ پاکستان بیک وقت واشنگٹن اور بیجنگ کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ایران اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ بھی اپنے روابط برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ توازن پاکستان کو بدلتے ہوئے عالمی حالات میں نئے سفارتی اور اقتصادی مواقع حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی موجودہ سفارتی حکمت عملی کسی ایک عالمی کیمپ کا حصہ بننے کے بجائے مختلف ممالک کے ساتھ شراکت داری اور تعاون بڑھانے پر مبنی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر پاکستان اس متوازن پالیسی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھاتا ہے تو عالمی تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں اور سفارتی سطح پر اس کا کردار مزید اہم ہوسکتا ہے۔

More News