کراچی میں جشنِ آزادی پر ہوائی فائرنگ، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 90 سے زائد زخمی
کراچی میں جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق پرانی سبزی منڈی کے قریب ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 42 سالہ محراب جاں بحق ہوا، جو جشنِ آزادی کے موقع پر گھر کے باہر موجود تھا۔ فائرنگ سے گولی اس کے سینے میں لگی۔ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔
دوسرے واقعے میں سلطان آباد، ایم ٹی خان روڈ پر ایک گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں 17 افراد سول اسپتال، 24 عباسی شہید اسپتال جبکہ 53 افراد جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر پہنچائے گئے۔
پولیس نے شہر میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ ان کے قبضے سے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ ہر سال یومِ آزادی اور دیگر تہواروں کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں شہری زخمی یا جاں بحق ہوتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ جشنِ آزادی کو محفوظ بنانے کے لیے اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ سے مکمل گریز کریں۔








