آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس اہلکاروں کیلئے اہم اقدام، کانسٹیبلری بیرکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
پشاور: انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا دورہ کیا، جہاں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، بہتر رہائش اور معیارِ زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کانسٹیبلری بیرکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
دورے کے دوران سی سی پی او پشاور نے آئی جی پولیس کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں کانسٹیبلری بیرکس کے نقشے، تعمیر کے مقاصد، رہائشی گنجائش، پولیس اہلکاروں کے لیے فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات اور انتظامی امور سے متعلق مختلف پہلوؤں پر آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کو بہتر اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف ان کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی زیادہ اطمینان اور بہتر انداز میں انجام دے سکیں گے۔
آئی جی نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے۔ کانسٹیبلری بیرکس کے قیام سے اہلکاروں کو مناسب رہائش فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور موجودہ رہائشی مسائل کو بھی کم کیا جاسکے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبے کے تعمیراتی مراحل میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ بیرکس میں رہائش، سہولیات اور انتظامی ضروریات کو پولیس اہلکاروں کی حقیقی ضروریات کے مطابق پورا کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ فورس کے جوانوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جاسکیں۔





