پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں
پاکستان پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کرگئیں۔ مرحومہ نے ملک میں جمہوریت کے استحکام، جمہوری اقدار کے فروغ اور سیاسی و پارلیمانی امور میں اہم کردار ادا کیا۔
بیگم نفیسہ خالد کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی خدمات پر پارٹی رہنماؤں اور مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بیگم نفیسہ خالد کی جمہوری جدوجہد اور پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج بعد از مغرب امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، جاتی عمرہ روڈ میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں اے ڈبلیو ٹی فیز 2، جاتی عمرہ بی بلاک قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔





