اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبہ جلد مکمل کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ڈیجیٹل اصلاحات، سرکاری خدمات کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے آسان، مؤثر، شفاف اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) میں بھی ای آفس کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مزید تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حکومتی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جاسکتا ہے۔
ٹیکنالوجی پارک کو جلد فعال کرنے کا فیصلہ
اجلاس کے دوران اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے تاکہ ملک میں آئی ٹی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کا نظام مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔
حکومت کے مطابق ڈیجیٹل اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کا مقصد سرکاری خدمات کو جدید بنانا، عوام کے لیے سہولت پیدا کرنا اور ملک میں آئی ٹی کے شعبے کو مزید وسعت دینا ہے۔








