سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے نادرا کی بڑی سہولت، موبائل ٹیم پہنچ گئی

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے نادرا کی بڑی سہولت، موبائل ٹیم پہنچ گئی

ریاض: سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات ان کے قریب فراہم کرنے کے لیے نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی ہے۔

نادرا کی خصوصی ٹیم پاکستان ایمبیسی کے تعاون سے پاکستانی کمیونٹی کو مختلف شناختی اور رجسٹریشن خدمات فراہم کرے گی، جس سے شہریوں کو معمول کی کارروائی کے لیے دور دراز مراکز کا سفر کرنے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔

نادرا کے اعلان کے مطابق موبائل رجسٹریشن ٹیم 21 اور 22 اگست 2026 کو سعودی عرب کے علاقے الخبر میں تمیمی نیو کیمپ، ظہران ایئرپورٹ پر موجود ہوگی۔ شہریوں کو یہ سہولت دونوں دن صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک مقامی وقت کے مطابق فراہم کی جائے گی۔

موبائل ٹیم کے ذریعے پاکستانی شہری نئی شناختی دستاویزات کے اجرا، شناختی کارڈ کی تجدید، معلومات میں ترمیم، منسوخی اور دوبارہ پرنٹ سمیت مختلف خدمات حاصل کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول سے متعلق سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ نادرا کی اس سہولت سے بالخصوص ان پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا جو شناختی دستاویزات کے معاملات کے لیے دور دراز علاقوں سے متعلقہ مراکز تک سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

حکام نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر مقررہ مقام پر پہنچیں اور متعلقہ خدمات کے لیے ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ لائیں تاکہ کارروائی میں آسانی ہوسکے۔

نادرا اور پاکستان ایمبیسی کے اس اقدام سے پاکستانی شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شناختی سہولیات تک آسان رسائی بھی حاصل ہوگی۔

More News