پاسپورٹ بنوانا مزید آسان، نادرا مراکز پر سہولت دینے کی تجویز
اسلام آباد: شہریوں کے لیے پاسپورٹ سروسز مزید آسان بنانے کی جانب اہم پیش رفت، نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر ہی پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کی تجویز زیر غور آگئی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس چوہدری محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں نادرا اور پاسپورٹ حکام نے پاسپورٹ سروسز کو جدید بنانے اور شناختی کارڈ و پاسپورٹ ڈیٹا کے انضمام پر غور کیا۔
اجلاس میں منتخب نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ درخواستیں جمع کرانے اور پراسیسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی، جس سے شہریوں کو الگ پاسپورٹ دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق نادرا کے نظام کے ذریعے شناختی معلومات کے محفوظ اور بروقت تبادلے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ مقصد پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو تیز، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔








