عمران خان کو اسپتال کب منتقل کیا جائے گا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو آج اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق منتقلی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے سیکیورٹی اور طبی انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے عدالتی ہدایت پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ان کی جیل سے اسپتال منتقلی کا معاملہ سیاسی اور قانونی حلقوں میں بھی زیر بحث ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے سوال پر کہا کہ اس عمل کے لیے رات 12 بجے تک کا وقت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق اقدامات اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہیں اور انتظامیہ اس حوالے سے ضروری کارروائیاں کررہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ جاری ہے۔ تاہم حتمی منتقلی کا وقت انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل ہونے کے بعد واضح ہوگا۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست بھی دائر کی ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ عدالتی فیصلے سے متعلق بعض قانونی نکات کی وضاحت ضروری ہے۔
اب سب کی نظریں اسلام آباد انتظامیہ کے اگلے اقدام پر ہیں کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کب منتقل کیا جاتا ہے اور عدالتی حکم پر کس طریقہ کار کے تحت عمل درآمد کیا جاتا ہے۔





