دشمن بلوچستان میں عوام اور ریاست میں خلیج ڈالنا چاہتے ہیں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرکے ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے، جبکہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن اور استحکام صوبے کی معاشی صلاحیت اجاگر کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ امن و استحکام سے سرمایہ کاری کو فروغ اور بلوچستان کے وسائل کو عوامی خوشحالی میں بدلنے میں مدد ملے گی۔ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور ملک کا سب سے متحرک طبقہ ہیں، انہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام، ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔





