پاکستان اور ملائیشیا میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقاتوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ پولیس تربیت، کوسٹ گارڈز اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سیاحت اور ویزا سہولیات میں آسانی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔





