وزیراعظم کی بارش و سیلاب متاثرین کے لیے مالی امدادی پیکیج کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کے لیے امدادی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متاثرہ فصلوں، مکانات، سڑکوں اور بجلی کے نظام کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے اور متاثرہ اضلاع میں خوراک، ضروری سامان اور نقد امداد کی فوری فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو مشترکہ امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور آئندہ بارشوں کے پیش نظر مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے، جبکہ ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔







