خیبرپختونخوا حکومت کا عالمی بینک سے 25 کروڑ ڈالر قرض لینے کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب کے خطرات سے نمٹنے اور صوبے میں سیلاب سے بچاؤ کا نظام مضبوط بنانے کے لیے عالمی بینک سے 25 کروڑ ڈالر، تقریباً 69 ارب روپے کا نیا قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قرض کی منظوری صوبائی کابینہ سے حاصل کی جائے گی۔
عالمی بینک کی منصوبہ جاتی دستاویز کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صوبے کے سیلاب سے متاثر ہونے والے منتخب علاقوں کو قدرتی آفات کے نقصانات سے محفوظ بنانا اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ منصوبے کی مکمل مالی معاونت عالمی بینک کرے گا جبکہ عملدرآمد میں محکمہ آبپاشی اور محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری شامل ہوں گے۔
منصوبے کے پہلے بڑے حصے کے لیے تقریباً 19 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم سے سیلاب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی پشتے، فلڈ کیریئر چینلز، اسپرس، ریٹیننگ والز، ریویٹمنٹ، کمیونٹی ڈائیکس اور چیک ڈیمز تعمیر اور بحال کیے جائیں گے۔
منصوبے میں جہاں ممکن ہو قدرتی بنیادوں پر مبنی ایسے اقدامات بھی شامل کیے جائیں گے جو سیلابی پانی کے بہاؤ کو کم کرنے اور آبادیوں کو محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔
منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا میں سیلاب کی پیشگی اطلاع اور پیش گوئی کا نظام مزید مضبوط کیا جائے گا۔ ہائیڈرومیٹرولوجیکل اعداد و شمار کی بروقت وصولی، ترسیل اور تجزیے کے لیے جدید نظام تیار کیا جائے گا۔
موجودہ ٹیلی میٹری اور مشاہداتی نظام کو توسیع دینے کے ساتھ سیلاب کی پیش گوئی کی صلاحیت بھی بہتر بنائی جائے گی، جبکہ محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے درمیان معلومات کے تبادلے کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
منصوبے کے دوسرے حصے کے لیے تقریباً 5 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم سے صوبائی اداروں اور مقامی آبادی کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
منصوبے کا مقصد سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات میں کمی کے ساتھ ساتھ مستقبل کے سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے صوبے میں ایک مؤثر اور پائیدار نظام قائم کرنا ہے۔
حکومت کے مطابق منصوبے کی منظوری صوبائی کابینہ سے حاصل ہونے کے بعد اس پر عملی پیش رفت کا آغاز کیا جائے گا۔








