ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
پنجاب میں صرف 3 ہفتوں کے دوران 4 لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کردیئے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے لائسنس کے اجرا کا عمل تیز کردیا، جبکہ آن لائن سہولت سے بھی ہزاروں شہری مستفید ہوئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس، ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد نے ریگولر لائسنس جبکہ ایک لاکھ 46 ہزار شہریوں نے مختلف اقسام کے لائسنس حاصل کیے۔
ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد کو بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ بھی فراہم کیے گئے۔
حکام کے مطابق 73 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت استعمال کی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لائسنسنگ نظام کو مزید آسان اور شہری دوست بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانا پڑیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہریوں پر زور دیا کہ گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے قبل باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس ضرور حاصل کریں۔





