پنجاب میں جرائم میں نمایاں کمی، مریم نواز کا بدعنوان پولیس افسران کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

پنجاب میں جرائم میں نمایاں کمی، مریم نواز کا بدعنوان پولیس افسران کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈکیتی، قتل، چوری اور دیگر جرائم کی مجموعی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بدنام پولیس افسران کو ایس ایچ او تعینات نہ کرنے کا حکم دیا اور کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی۔

مریم نواز نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے اور خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں اور ان کے خلاف جرائم پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ تھانے سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ قیدیوں کی وینز میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق ڈکیتی میں 54 فیصد، قتل میں 35 فیصد، کار ڈکیتی میں 46 فیصد اور بائیک چوری میں 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں قتل کے واقعات 43 فیصد، ڈکیتی 32 فیصد، کار ڈکیتی 43 فیصد جبکہ بائیک چوری کے واقعات میں 54 فیصد کمی آئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس ضلع میں جرائم کی شرح زیادہ ہوگی وہاں متعلقہ ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی۔ صوبے میں امن و امان کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کی جائے گی۔

More News