ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، متعدد علاقوں اور شاہراہوں پر آمدورفت بند
ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت متعدد علاقوں اور اہم شاہراہوں پر 12 گھنٹے کے لیے آمدورفت پر پابندی عائد ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اگست کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مخصوص علاقوں اور سڑکوں پر نقل و حرکت بند رہے گی۔ اسی دوران جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے متعدد راستوں پر بھی کرفیو نافذ ہے۔
ڈی آئی خان، ٹانک روڈ پر آمدورفت معطل
انتظامیہ کے مطابق طارق شہید چوک سے بھگوال تک ڈی آئی خان، ٹانک روڈ پر آمدورفت بند رہے گی، جبکہ اقبال فورٹ سے بھگوال تک ٹانک روڈ کے حصے پر بھی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل اور گڑھ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی آمدورفت محدود کردی گئی ہے۔
لنک روڈز اور بازار بھی بند
دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران تکوارہ، ہتھالہ، پوتہ، بدھ، کنوری، گڑھ محبت اور دیگر لنک روڈز پر بھی آمدورفت بند رہے گی۔ پوتہ اور ہتھالہ کے بازار بھی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق مسافر گاڑیوں، مال بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ضرورت پڑنے پر پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے آمدورفت کی اجازت دی جاسکے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔







