پاکستان کو جولائی میں 763 ملین ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس موصول
اسلام آباد: وزارت اقتصادی امور کی دستاویز کے مطابق پاکستان کو جولائی کے دوران مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس موصول ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں حاصل ہونے والے 694.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں 68.5 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔
دستاویز کے مطابق جولائی میں نان پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں 120 ارب روپے حاصل ہوئے، جس میں بجٹری سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضے شامل ہیں، جبکہ پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں تقریباً 95 ارب روپے موصول ہوئے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہی، تاہم نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے روایتی اور اسلامی دونوں طریقوں سے 343.99 ملین ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ ایک سال کے دوران ان سرٹیفکیٹس سے حاصل ہونے والی رقم میں تقریباً 148 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔
جولائی میں دوطرفہ مالی معاونت کے تحت جرمنی نے 9.94 ملین ڈالر جبکہ سعودی عرب نے 7.4 ملین ڈالر فراہم کیے۔
رپورٹ کے مطابق کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 252.83 ملین ڈالر موصول ہوئے، جن میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 59.17 ملین ڈالر اور ایشیائی انفراسٹرکچر بینک نے 6.57 ملین ڈالر جاری کیے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق عالمی بینک اور اس سے متعلقہ اداروں نے پاکستان کو 130 ملین ڈالر فراہم کیے، جو جولائی میں کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کی جانب سے ملنے والی سب سے بڑی رقم تھی۔








