چین کا امریکا کو دوٹوک جواب، ایران کے معاملے پر مفادات کے تحفظ کا اعلان

چین کا امریکا کو دوٹوک جواب، ایران کے معاملے پر مفادات کے تحفظ کا اعلان

بیجنگ: امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف نئی اقتصادی پابندیوں کے اعلان پر چین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا اعلان کردیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ ان کے مطابق بیجنگ ایران کے ساتھ اپنے تعاون اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔

لین جیان نے کہا کہ پابندیاں اور معاشی دباؤ مسائل کے حل میں مددگار ثابت نہیں ہوتے بلکہ تنازعات اور کشیدگی کو مزید بڑھاتے ہیں۔ ان کے بقول یکطرفہ پابندیاں عالمی اقتصادی اور مالیاتی نظام کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جن میں متعدد افراد، اداروں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف اقتصادی کارروائی کو انتہائی سخت مالیاتی اقدام قرار دیا ہے۔

واشنگٹن نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات رکھنے والے ممالک اور اداروں کو بھی ممکنہ نتائج سے خبردار کیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر نئی اقتصادی کشیدگی کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

چین ایران کا اہم تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کے بڑے خریداروں میں شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی پابندیوں کے باعث بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان پہلے سے موجود اقتصادی اختلافات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

چین کا تازہ بیان اس بات کا اشارہ ہے کہ بیجنگ ایران کے ساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی روابط کے تحفظ کے لیے امریکی دباؤ کے باوجود اپنا مؤقف برقرار رکھے گا۔

More News