آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات، عالمی منڈی میں خام تیل سستا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت کی امید قرار دی جارہی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی کاروبار میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 30 سینٹ، یعنی تقریباً 2.6 فیصد کم ہوکر 86.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ برینٹ کی قیمت اس سے قبل 13 اگست کے بعد کی کم ترین سطح پر بھی پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 2 ڈالر 8 سینٹ، یعنی 2.53 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 80.29 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ WTI کی قیمت اس سے قبل 10 اگست کے بعد کی کم ترین سطح تک گر گئی تھی۔
مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کی اہم وجہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے جاری مذاکرات کو قرار دیا جارہا ہے۔ سرمایہ کار پرامید ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت پر عائد پابندیاں کم ہوسکتی ہیں۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، اس لیے یہاں معمول کی بحری آمدورفت بحال ہونے کی امید نے عالمی منڈی میں سپلائی سے متعلق خدشات کو کم کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوتی ہے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل معمول پر آتی ہے تو عالمی توانائی کی سپلائی میں بہتری آسکتی ہے، جس سے خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آنے کا امکان ہے۔





