شانگلہ: تھانوں اور چوکیات میں تعیناتی کیلئے تحریری ٹیسٹ کا فیصلہ
میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر بہترین افسران کا انتخاب کیا جائے گا، ڈی پی او اکرام اللہ
شانگلہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اکرام اللہ نے تھانوں اور پولیس چوکیات میں تعیناتی کے لیے تحریری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق افسران کی تعیناتی میں میرٹ اور اہلیت کو ترجیح دی جائے گی تاکہ بہترین اور قابل افسران کو اہم ذمہ داریاں سونپی جا سکیں۔
ڈی پی او اکرام اللہ کا کہنا ہے کہ تحریری ٹیسٹ کا مقصد افسران کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ قابلیت کو جانچنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تھانوں اور چوکیات میں تعیناتی کے لیے شفاف طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور کسی قسم کی سفارش یا غیر ضروری دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کی کارکردگی براہ راست عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات پر اثر انداز ہوتی ہے، اس لیے اہم عہدوں پر اہل اور باصلاحیت افسران کی تعیناتی ضروری ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر افسران کے انتخاب سے پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے اور عوامی اعتماد میں اضافے میں مدد ملے گی۔
ڈی پی او اکرام اللہ نے کہا کہ شانگلہ پولیس میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اہلکاروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ تھانوں اور چوکیات میں تعیناتی کے لیے تحریری ٹیسٹ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کو اپنی ذمہ داریاں قانون کے مطابق اور مکمل ایمانداری کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے بہترین افسران کو فیلڈ میں تعینات کیا جائے گا۔








