آئی ایم ایف شرط، جون 2027 تک پیٹرول کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا ہدف مقرر
حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط کے تحت جون 2027 تک ملک میں پیٹرول کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا ہدف مقرر کردیا ہے، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نظام میں اصلاحات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پیٹرول کی قیمتوں کا فارمولہ مارکیٹ سے منسلک کرنے کی تجویز پیش کی گئی، جس کے تحت قیمتوں کا تعین مارکیٹ کے حالات کے مطابق کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
اجلاس میں ڈیزل کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اتار چڑھاؤ سے صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے قواعد وضع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ قیمتوں کے نظام میں تبدیلی کے دوران صارفین کو نرخوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی نے آئی ایف ای ایم کے نئے طریقہ کار کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے طریقہ کار کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے لیے جون 2027 کو عبوری ہدف مقرر کیا ہے۔ ڈی ریگولیشن کے بعد پیٹرول کی قیمتیں عالمی مارکیٹ، طلب و رسد اور دیگر مارکیٹ عوامل سے زیادہ براہِ راست منسلک ہونے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق قیمتوں کے نظام میں اصلاحات کا مقصد ایک ایسا طریقہ کار وضع کرنا ہے جس میں مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کا تعین کیا جاسکے، جبکہ صارفین کو اچانک بڑے مالی جھٹکوں سے بچانے کے لیے حفاظتی قواعد بھی موجود ہوں۔







