آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم ٹاپ 10 سے باہر

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم ٹاپ 10 سے باہر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور وہ پانچ درجے تنزلی کے بعد ٹاپ 10 سے باہر ہوکر 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے سعود شکیل نے نمایاں بہتری دکھاتے ہوئے 15 درجے ترقی کی اور 18ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سات درجے تنزلی کے بعد 33ویں نمبر پر آگئے، جبکہ عبداللہ شفیق آٹھ درجے نیچے جاکر 35ویں اور شان مسعود تین درجے تنزلی کے بعد 41ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 42 اور صفر رنز بنانے والے امام الحق بھی ایک درجے تنزلی کے بعد 58ویں نمبر پر چلے گئے۔

بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پہلے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری دوسرے اور بھارت کے جسپریت بمراہ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے محمد عباس نے 10 درجے ترقی کرکے 16ویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ خرم شہزاد 55ویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا سرفہرست، جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن دوسرے اور بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز تیسرے نمبر پر ہیں۔

More News