آندھی اور بارش کے بعد لاہور کا موسم خوشگوار، گرمی کی شدت میں نمایاں کمی
لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید گرمی کے بعد اچانک چلنے والی تیز آندھی اور بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
جمعرات کی شام لاہور کے مختلف علاقوں میں پہلے تیز ہوائیں چلیں اور اس کے بعد بادل برس پڑے، جس سے شہر کا موسم یکسر تبدیل ہو گیا۔ جوہر ٹاؤن، کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، ایئرپورٹ، مال روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک اور دیگر متعدد علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آنے سے شہریوں کے چہروں پر خوشی دیکھنے میں آئی جبکہ پارکوں، سڑکوں اور تفریحی مقامات پر لوگوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہوتی رہی۔
بارش سے قبل نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس اور اس کے گرد و نواح میں شدید آندھی چلی جس نے شہر کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قذافی اسٹیڈیم، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم، پنجاب اسٹیڈیم اور انٹرنیشنل سوئمنگ جمنیزیم کے اطراف بھی تیز ہواؤں کے باعث گرد آلود فضا دیکھنے میں آئی جبکہ آسمان پر گہرے بادل چھا گئے تھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی اور بارش کے باعث لاہور میں جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ شہر کا درجہ حرارت کم ہو کر 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک آ گیا، جبکہ رات کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں یہ کمی شہریوں کے لیے عارضی ریلیف ثابت ہوگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس نے معمولات زندگی کو متاثر کر رکھا تھا، تاہم بارش کے بعد موسم میں آنے والی تبدیلی نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ کئی علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں کو بارش سے لطف اندوز ہوتے بھی دیکھا گیا۔
دوسری جانب بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے لیے اقدامات کیے گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بھی کہیں کہیں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے موسم نسبتاً معتدل رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے لاہور کے باسیوں کو شدید گرمی سے وقتی نجات فراہم کر دی ہے اور شہر کا موسم ایک بار پھر خوشگوار ہو گیا ہے۔








