آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکیومنٹری کامیڈی اور ٹریجڈی ہے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھارت کی جانب سے آپریشن سندور پر بنائی گئی نئی ڈاکیومنٹری کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت معرکہ حق میں شکست کی حقیقت تسلیم کرنے سے گریزاں ہے اور تاریخ کو من پسند انداز میں پیش کرنے کے لیے ڈرامائی بیانیہ تشکیل دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی ڈاکیومنٹری میں بالی ووڈ طرز کے مناظر، جذباتی بیانیے اور حقائق میں تبدیلی کے ذریعے من پسند نتائج اخذ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ڈاکیومنٹری میں بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ڈاکیومنٹری میں 16 اپریل کے آرمی چیف کے خطاب کو 22 اپریل کے پہلگام واقعے سے جوڑ کر سازشی نظریہ پیش کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ بھارتی دعووں میں بنیادی تضادات موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارت نے 28 جولائی کو پہلگام واقعے کے مبینہ 3 ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ ڈاکیومنٹری میں کہا گیا کہ آپریشن سندور کے دوران واقعے کے ذمہ داروں کو سزا دی گئی۔ آئی ایس پی آر نے سوال اٹھایا کہ اگر ملزمان 28 جولائی کو ہلاک ہوئے تو 7 مئی کو کس کو سزا دینے کا دعویٰ کیا گیا؟
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق میں پاک فوج نے بھارتی جارحیت ناکام بناتے ہوئے 8 بھارتی فوجی طیارے مار گرائے جبکہ آپریشن بنیان المرصوص میں 26 فوجی اہداف کو درست نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی عسکری قیادت خود پاکستانی میزائل، ڈرون اور فضائی سرگرمیوں کا اعتراف کرچکی ہے، جبکہ بھارتی ڈاکیومنٹری میں ایل او سی پر جھڑپوں اور ایئر ڈیفنس نظام کے فعال رہنے کا بھی اعتراف کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنگ بندی ڈی جی ایم اوز کے رابطے اور باہمی رضامندی سے ہوئی، اسے یکطرفہ بھارتی فتح قرار نہیں دیا جاسکتا۔ بھارت نے فوجی ناکامی کو کامیابی دکھانے کے لیے پروپیگنڈا کیا، تاہم فلمی مناظر جنگی طیاروں کے نقصانات اور حقیقی فوجی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کو معرکہ حق سے متعلق کوئی مصنوعی بیانیہ بنانے کی ضرورت نہیں، دنیا آپریشنل ریکارڈ، جنگی شواہد اور سفارتی روابط کی حقیقت جانتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور پاک فوج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے۔ مستقبل میں کسی بھی بھارتی فوجی مہم جوئی کا جواب بھرپور اور فیصلہ کن ہوگا۔





