اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کا معاملہ، ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج
لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دینے کے الزام میں رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ سمیرا خان اور دیگر ساتھیوں نے اداکارہ کو بلیک میل کیا اور مختلف مواقع پر دھمکیاں بھی دیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیرقانونی نگرانی کرتے رہے اور اداکارہ مومنہ اقبال سمیت ان کے اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ کی پہلی شادی کا علم ہونے پر مومنہ اقبال نے شادی سے انکار کیا، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر نجی ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جانے لگا۔
ایف آئی آر میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2023 میں ثاقب چدھڑ نے جھوٹے الزامات لگا کر اداکارہ کا رشتہ ختم کروانے کی کوشش کی، جبکہ اداکارہ اور ان کے شوہر کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔
دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے مقدمے میں رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے انہیں 24 جون تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو گرفتاری سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ مقدمے میں درج الزامات درخواست گزار کے مؤقف پر مبنی ہیں، جن کے بارے میں حتمی فیصلہ عدالت کی کارروائی اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔








