اسلام آباد: فائر سیفٹی کے ناکافی انتظامات پر میریٹ ہوٹل کو بھی نوٹس جاری

اسلام آباد: فائر سیفٹی کے ناکافی انتظامات پر میریٹ ہوٹل کو بھی نوٹس جاری

سی ڈی اے نے فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 کی خلاف ورزی کی نشاندہی کردی، دیگر عمارتوں کے خلاف بھی کارروائی جاری

اسلام آباد میں پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد فائر سیفٹی انتظامات کے خلاف جاری کارروائی کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے معروف لگژری ہوٹل میریٹ کو بھی فائر سیفٹی کے ناکافی انتظامات پر نوٹس جاری کردیا ہے۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میریٹ ہوٹل فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 کے سیکشن 3 اور 4 کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کو فائر اور لائف سیفٹی سے متعلق تقاضے پورے کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد میں مختلف عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ پڑتال تیز کردی گئی ہے۔ اس سے قبل سی ڈی اے دارالحکومت کی دیگر 8 عمارتوں کو فائر سیفٹی کے ناکافی انتظامات کی بنیاد پر سیل بھی کر چکا ہے۔

فائر سیفٹی سے متعلق یہ اقدامات 26 اگست کو پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے بعد تیز کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی موت واقع ہوئی تھی۔

واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے 29 اگست کو تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں پمز اور متعلقہ اداروں کے 8 افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

حادثے کے بعد سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ہسپتالوں، ہوٹلز اور دیگر اہم عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا عمل بھی تیز کردیا ہے۔ فائر اور لائف سیفٹی کے تقاضے پورے نہ کرنے والے بعض ہسپتالوں پر جرمانے بھی عائد کیے جا چکے ہیں۔

حکام کی جانب سے مختلف عمارتوں کے فائر سیفٹی نظام، ہنگامی اخراج کے راستوں اور دیگر حفاظتی اقدامات کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

More News