امریکا میں ڈیزل کی اوسط قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی
امریکا بھر میں ڈیزل کی اوسط قیمت 5.85 ڈالر فی گیلن ریکارڈ کی گئی
امریکا میں ڈیزل کی اوسط قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث ملک میں نقل و حمل اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا بھر میں ڈیزل کی اوسط قیمت 5.85 ڈالر فی گیلن ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی اوسط قیمت بھی بڑھ کر 4.15 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں امریکا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 3.20 ڈالر فی گیلن تھی، جس کے مقابلے میں موجودہ قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے امریکا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ توانائی کی عالمی منڈی میں پیدا ہونے والی بے یقینی بھی قیمتوں پر اثرانداز ہورہی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا براہِ راست اثر نقل و حمل کے شعبے پر پڑنے کا خدشہ ہے۔ ٹرکنگ اور مال برداری کے اخراجات بڑھنے کی صورت میں خوراک، گھریلو استعمال کی اشیا اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آن لائن آرڈرز اور ڈاک پارسلز پر بھی اضافی فیس عائد کردی گئی ہے، جس سے صارفین کے اخراجات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں معیشت اور مہنگائی ووٹرز کے اہم مسائل میں شامل رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ایندھن کی بڑھتی قیمتیں امریکی صارفین کے بجٹ اور کاروباری سرگرمیوں پر دباؤ بڑھا سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو اس کے اثرات نہ صرف امریکا بلکہ دنیا کی دیگر معیشتوں پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔








